31 جنوری 2012 - 20:30

بحرین میں انسانی حقوق تنظیم کے سربراہ یوسف ربیع نے کہا ہے کہ امریکہ آل خلیفہ کے جرائم میں برابر کا شریک ہے۔

ابنا: یوسف ربیع نے امریکہ سے ہتھیاروں کی خریداری کے معاہدے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عالم میں جبکہ بین الاقوامی تنظیمیں ملت بحرین کے خلاف آل خلیفہ کی بربریت کا خاتمہ کروانے کی کوشش کر رہی ہیں امریکہ ملت بحرین کی سرکوبی کے لئے آل خلیفہ کی شاہی حکومت کو ہتھیار فروخت کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں آل خلیفہ کے جرائم کا جائزہ لے رہی ہیں اور ان ہی کوششوں کی بنا پر آل خلیفہ کی حکومت کو قانون شکن اور انسانی حقوق کی مخالفت کرنے والی حکومت قرار دیا جا چکا ہے۔

یاد رہے کہ ہیومن رائٹس واچ نے گذشتہ پیر کو اپنی سالانہ رپورٹ میں ملت بحرین کے خلاف آل خلیفہ اور آل سعود کی وحشیانہ کارروائیوں پر عالمی برادری کی خاموشی کی مذمت کی ہے۔ اس رپورٹ میں کہا گيا ہے کہ بحرین اور سعودی عرب میں جاری تحریکوں کو صیہونی حکومت کے مفادات کی حفاظت کی غرض سے کچلا جا رہا ہے۔ ہیومن رائٹس واچ کی رپورٹ میں عرب ملکوں کی تحریکوں کے تعلق سے امریکہ، یورپی یونین اور عرب لیگ کی دوغلی پالیسیون کی مذمت کی گئی ہے۔........ /169